لاہور(نامہ نگار)پنجاب اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی نے کہا بھارتی حملہ کو شاہینوں نے بری طرح پسپا کر دیا۔ بھارت کی طرف سے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی پر اپنا بدلہ لیں گے۔پاکستان کی سا لمیت اور سکیورٹی محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ ہم اس جنگ میں کامیاب ہونگے۔ وہ پنجاب اسمبلی کے باہر پیپلز پارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی مخدوم عثمان احمد کیساتھ میڈیاسے گفتگو کر رہے تھے۔ سید علی حیدر گیلانی نے کہا میں ذوالفقار علی بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملکی دفاع مضبوط بنایا جسکی وجہ سے بھارت پاکستان پر حملہ سے پہلے 10 بار سوچتا ہے۔ 25 کروڑ عوام افواج کے ساتھ ہیں اور فوجی بن کر دفاع کرنا جانتے ہیں۔ مخدوم عثمان محمود نے کہا بھارت کونہ صرف جنگی میدان بلکہ سفارتی محاذ پر بھی منہ کی کھانا پڑی۔اکھنڈ بھارت کا خواب پاکستان نہیں بلکہ پورے خطے کو غیر محفوظ کرتا ہے۔ ہمارے شاہینوں نے بھارتی رافیل طیاروں کو انکیگھر میں گھس کر تباہ کیا۔ آج پانچویں نسل کی جنگ سرحد پر نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی لڑی جا رہی ہے۔ حکومت اور پارلیمنٹ اپنی پاک فوج کے پیچھے کھڑی ہیں۔
بھارت کی جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی پر بدلہ لیں گے:علی حیدر گیلانی
May 08, 2025