لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سیدحسن مرتضیٰ نے کہا آخری فتح ہماری ہوگی۔ شروعات ادھر سے تو اختتام ہم کریں گے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پہلگام سے شروع ہونیوالی کہانی اپنے آخری حصہ پر جا رہی ہے اوربھارت ہمیشہ بارڈر پار دہشت گردی کرتا ہے اس نے سویلین کو ٹارگٹ کرکے شہید کیا۔ پورے بھارت میں بے چینی ہے اوربھارتی قوم پوچھ رہی ہے چینلز اور ویب سائٹ کیوں بند کیں۔ انہوں نے مودی حکومت کو للکارتے ہوئے کہا آپ اپنی قوم وافواج کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ بھارتی فوج میں بغاوت ہوئی توخود ہی سفید جھنڈے لہرائے اور مورچے چھوڑ کر بھاگے ہیں۔ بھارت رافیل پر غرور کرتا تھا۔ بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی کی سا لمیت پر بہت بڑا سوالیہ نشان چھوڑا ہے۔ گجرات کا قصائی پہلگام سے ہوتا ہوا آج پاکستان پر حملہ آور ہے تو پاکستان کہنے پر مجبور ہے اسے دہشت گرد کہیں یا بھارت کو دہشت گرد ریاست کہیں۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور امریکہ کی بھارتی دہشت گردی پر مذمت بھارت کی شکست ہے،جنگیں افواج نہیں قومیں لڑتی ہیں۔
آخری فتح ہماری ہوگی ،شروعات اُدھر سے ،اختتام ہم کرینگے: حسن مرتضیٰ
May 08, 2025