سٹاک مارکیٹ میں مندا،100 انڈیکس میں 6 ہزار 500 سے زائد پوائنٹس کی کمی

May 08, 2025

کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروبار کے آغاز سے ہی مارکیٹ منفی زون میں رہی۔ کاروبار کے آغاز میں ہی 100 انڈیکس میں تیزی سے 6 ہزار 500 سے زائد پوائنٹس کی کمی سے 100 انڈیکس انٹرا ڈے کے دوران کم ترین سطح 1 لاکھ 7 ہزار سے زائد پوائنٹس تک گرگیا۔ مارکیٹ میں تمام اہم شعبوں میں وسیع پیمانے پرشیئرز کی فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔گزشتہ روز انڈیکس کم ترین سطح 107,007.68 تک گیا اور پھر 110,009.02 پر  بند ہوا۔یہ شدید گراوٹ اس وقت سامنے آئی جب بھارت کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر میزائل حملوں اور پاکستان کی جوابی کارروائی کی خبریں آئیں۔ آل شیئرز انڈیکس2168.80پوائنٹس گھٹ کر 68701 پوائنٹس پر آگیا۔ مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ4کھرب 29 ارب 31 کروڑ 89لاکھ54ہزار485روپے کمی سے 13344 ارب 96کروڑ 8لاکھ 70ہزار 536روپے  رہ گیا۔ مارکیٹ میں 30ارب روپے مالیت کے 55 کروڑ 76 ہزار 224 حصص کے سودے ہوئے جبکہ منگل کو مارکیٹ میں 23ارب روپے مالیت کے 42کروڑ5لاکھ52ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا تھا۔سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ روز مجموعی طور پر333کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے صرف4کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوسکا جبکہ329 کمپنیوں کے بھاؤ کم ہوگئے۔

مزیدخبریں