اسلام آباد سیف سٹی فعال، خراب کیمروں کی مرمت، ہمہ وقت مانٹرنگ جاری ہے: آئی جی
اسلام آباد (وقائع نگار) چیف کمشنر اسلام آباد آفتاب اکبر درانی کی زیر صدارت ایک اعلی سطح اجلاس منعقد ہو ا جس میں اسلام آباد میں سیکورٹی اور امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیاگیا ۔ اجلاس میں انسپکٹرجنرل پولیس اسلام آباد سلطان اعظم تیموری ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن ر ) مشتاق احمد ، ایس ایس پی اسلام آباد ، ڈی جی سیکورٹی ، اسپیشل برانچ اور ایجنسیوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد نے شرکا ء کو بتایاکہ پولیس نے 76 اہم حساس مقامات پر سیکورٹی آدٹ مکمل کر لیا ہے اور سیکورٹی مزید سخت کرنے کے لئے اقداما ت اٹھائے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ سیف سیٹی کو بھی فعال کیا گیا ہے اور چند خراب کیمرو ں کو مرمت کرایا ہے اور ان کی کارکردگی مزید بہتر کی ہے اور ہمہ وقت مانیٹرنگ جاری ہے ۔ کومبنگ اور سرچ آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر علاقوں کی مانیٹرنگ کی جاتی ہے ۔ کاونٹر ٹریرازم ڈیپارٹمنٹ کو فعال کردیاگیاہے اور اس کا انٹیلی جینس ونگ مکمل کام کررہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بتایاکہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر پرائس کمیٹیوں کو فعال کردیا ہے اور مجسٹریٹس کی نگرانی میں پرائس چیکنگ شروع کردی ہے ۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے اور فوڈ آوٹ لیٹس کی بھی چیکنگ کی جائے اور کھانے پینے کی اشیاء کی کوالٹی یقینی بنائیں ۔ انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سلطان اعظم تیموری نے بتایاکہ نارکاٹکس اور ڈرگس کے استعمال کے خاتمے کے لئے کریک ڈاون جاری ہے ۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرائیں اور سیٹ بیلٹ کی پابندی اور ڈرائیونگ دوران موبائل فون استعمال کی ممانعت قانون پر عمل درآمد کرائیں اور اس پر زویر ٹالرینس ہو۔ انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد نے بتایاکہ لوگوں کی زمینوں پر قبضے کے لئے پولیس ، سی ڈی اے اور ریونیو افسروں پر مشتمل کمیٹی بنائی جارہی ہے جو فوری طور پر ان شکایات کا ازالہ کریگی اور قبضہ ختم کرائے گی اور قانون پر عمل درآمد کرایا جائے گا ۔