سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گیلری میںوفد کو خوش آمدید کہا
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + سٹی رپورٹر) پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں افغانستان‘ چین‘ ایران‘ روس اور ترکی کے پارلیمنٹیرینز پر مشتمل وفد نے کارروائی کا مشاہدہ کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے افغانستان‘ چین‘ ایران‘ روس اور ترکی کے پارلیمنٹرین اور دیگر وفود کا سپیکر کی گیلری میں خیر مقدم کیا۔ جس پراسمبلی ہال میں دیر تک ڈیسک بجا کر ارکان اسمبلی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا جس پر گیلری میں بیٹھے غیر ملکی پارلیمنٹرین اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور احتراماً سر جھکا کر ارکان قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا ۔ سپیکر نے بتایا کہ یہ مہمان اسلام آباد میں سپیکرز کانفرنس کا ڈرافٹ بنانے کے لئے موجود ہیں جو کہ دسمبر میں ہو گی ۔ قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سمیت تمام ارکان نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ کچھ دیر کے بعد سپیکر اپنے چیمبر میں چلے گئے اور ان کے ساتھ ہی غیر ملکی مہمان بھی اٹھ کھڑے ہوئے۔ بعد ازاں سپیکر نے ان کے اعزاز میں ہائی ٹی دی۔