بھارتی مظالم کے باوجود تحریک آزادی زور پکڑ رہی ہے:فضل الرحمان
لاہور(خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام کے سر براہ متحدہ مجلس عمل کے سر براہ اور قومی کشمیر کمیٹی کے چیئر مین مولانا فضل الرحمان نے گذشتہ روز سرینگر میں نہتے کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بھارت آئے دن کشمیری عوام پر گولیاں برسا کر ان کی تحریک دبانے کی کوششیں کر رہا ہے لیکن اس کی تمام تر سازشوں کے باوجود تحریک مزیدزور شور پکڑ رہی ہے ،پاکستان مسئلہ کشمیری پر واضح اور دوٹوک مؤقف رکھتا ہے اور دنیا پاکستان کو کے مؤقف کو سمجھے وہ پارٹی رہنمائوں مولانا امجد خان ،مولانا یوسف،حافظ حسین احمد، اسلم غوری ،حاجی شمس الرحمان شمسی، مفتی ابرار اور وفود سے گفتگو کر رہے تھے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ آج کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی گئی ہے عالمی دنیا کو اس بات کا ایکشن لینا چاہیے انہوں نے کہاکہ یہ سراسر ظلم اور بر بریت ہے انہوں نے کہاجمعیت علماء اسلام کشمیر میں چلنے والی تحریک آزادی پر ہونے والے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتی ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں انہوں نے کہا بھارت کشمیر پر مزید تسلط باقی نہیں رکھ سکے گا۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کشمیری عوم کی قر بانیاں رائیگاں نہیں جائے گی انہوں نے کہا آزادی کشمیریوں کا جلد ہی مقدر بننے والی ہے۔