محسن وال : گرجا گھر پر نصب صلیب توڑنے پر 7 ملزموں کیخلاف مقدمہ درج
محسن وال (نا مہ نگار)گرجا گھر کی بے حرمتی اور اس پر نصب صلیب کو توڑنے پر سات ملزمان کے خلاف مقد مہ درج، ملزمان فرار۔تفصیلات کے مطابق کاتھولک چرچ کی طرف سے بابو پرویز مختار کی مدعیت میں تھانہ سٹی میاں چنوں میں درج مقدمہ نمبر276/18میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کاتھولک چرچ نے تلمبہ روڈ پرگرجا گھر و ہسپتال تعمیر کیا جس پر ساجد بشیر وغیرہ نے ناجائز قبضہ کرلیا اور محکمہ مال کے ریکارڈ میں چرچ کے اندراج کو ختم کرنے کے لئے عمارت پر نصب صلیب کی بے حرمتی کرتے ہوئے اسے مسمار کر دیا۔چرچ انتظامیہ کی طرف سے اس واقعہ پر ساجد بشیر وبابر بشیر پسران بشیر مسیح اور دیگر ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے لیکن تاحال ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ چرچ اور مذہبی علامات کے تقدس کی پامالی پر تحصیل بھر کی مسیحی برادری میں سخت غم و غصہ کی لہر پھیل گئی ہے اور انہوں نے ملزمان کی گرفتاری سمیت انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔