حکومت آئی ٹی اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے : سرتاج عزیز
اسلام آباد (اے پی پی)ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بہتری کے لئے اقدامات کررہی ہے، ان اقدامات کی بدولت ملک میں تھری جی اور فور جی کی سہولیات میسر آرہی ہیں جس کے استعمال سے نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے بھر پور مستفید ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں 19 کروڑ 67 لاکھ 28 ہزار روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا جس کا مقصد پیمرا کے تحت 250 ٹی وی چینلس کی مانیٹرنگ نظام کو اپ گریڈ کرنے، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تین منصوبے پیش کیے گئے جس میں پہلا منصوبہ میڈیسن بائوٹنک سنٹر کو اپ گریڈ کر کے نیشنل سنٹر فار ہربل میڈیسن کمپلیکس پشاور میں تبدیل کرنا ہے جس کے لئے 13 کروڑ 6 لاکھ روپے کی لاگت مختص کی گئی جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔دوسرا منصوبہ مسلم باغ میں بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور مینجمنٹ سائینسز کوئٹہ کے کیمپس کے قیام کے لئے ایک ارب 55 کروڑ 42 لاکھ 34 ہزار روپے لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں نسٹ سکول کالجز کی لیبارٹریوں میں جدید سہولیات کی فراہمی اور اپ گریڈیشن کے لئے 46 کروڑ 25 لاکھ 60 ہزار روپے مختص کیے گئے جس کو اجلاس میں منطور کر لیا ہے۔