چینی باشندوں کو زمینوں کی خریداری سے روکنے کیلئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سی پیک منصوبے کے نام پر چینیوں کو مالکانہ حقوق پر زمینوں کی خریداری سے روکنے کے لیے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائرکر دی گئی۔ وطن پارٹی کے بیرسٹر ظفراللہ خان کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ سی پیک منصوبے کی نرم شرائط ملکی مفادات کے خلاف ہے۔ سی پیک کا منصوبہ ملکی سالمیت کے لیے اہم ہے مگر منصوبے کو شروع کرنے کے لیے سالمیت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے موثر قوانین نہیں بنائے گئے۔ سی پیک کی شرائط کے تحت منافع کے 91 فیصد رقم چین کو اور پاکستان کو 9 فیصد ملے گی جو ملکی مفاد کے خلاف ہے۔ چینیوں کو پاکستان میں زمینوں، جائیدادوں کی خریداری اور مالکانہ حقوق دینے سے نہ روکا گیا تو ملکی سالمیت کو خدشات لاحق ہو سکتے ہیں۔ عدالت سی پیک منصوبے کے حوالے سے شرائط معاہدہ جات اور قوانین کا از سرنو جائزہ لے کر اقدامات کرنے کا حکم دے۔ مزید استدعا کی گئی ہے کہ چینیوں کو پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کی اجازت دینے کی بجائے پاکستانیوں کو کفیل مقرر کرنے کا حکم دیا جائے۔