پی آئی اے کو تیل کی فراہمی معطل‘ متعدد پروازیں متاثر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی آئی اے کے طیاروں کوتیل فراہم کر نے والی کمپنی پی ایس او نے ایک بارپھرطیاروں کوتیل کی فراہمی بند کر دی، واجبات کی فوری ادائیگی کی یقین دہانی پر کئی گھنٹے بعد تیل کی فراہمی بحال کردی گئی، تیل کی فراہمی معطل ہونے سے پی آئی اے کی پروازوں کاشیڈول درہم برہم ہوگیا تاہم پی آئی اے ترجمان کاکہنا ہے کہ پی ایس او نے پیر کو طیاروں کی فراہمی بند کر دی تھی جسے تین گھنٹے بعد بحال کردیا گیا ،تیل کی فراہمی معطل ہونے سے پی آئی اے کی کراچی سے لاہور اور دبئی کی پرواز میں تاخیر ہوئی ،پی ایس او سے معاملات طے پانے کے بعد تیل کی فراہمی شروع کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق پی ایس او نے ایک بار پھر اپنے واجبات کی وصولی کے لئے پی آئی اے کے طیاروں کو پیر کو تیل کی فراہمی بند کر دی۔ اس دوران پی آئی ا ے کی چار پروازوںکا شیڈول متاثر ہوا اور پروازیں تاخیر سے روانہ ہوئیں۔واضح رہے کہ پی ایس او نے پی آئی اے کے طیاروںکو تیل کی فراہمی ایک ماہ کے دوران دوسری بار بند کی ہے۔ پی ایس او حکام کے مطابق پی آئی اے کے ذمہ 30 ارب روپے سے زائد کے واجبات ہیں۔
پی آئی اے