رواں مالی سال غذائی برآمدات میں28فیصد اضافہ
کراچی( کامرس رپورٹر )پاکستان کے غذائی بر آمدات میں رواں مالی مالی سال کے 9 مہینوں کے دوران 28 فیصد اضافہ ہوا اور اس میں اگلے سال مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔وفاقی بجٹ میں اعلان کیے گئے مراعات اور چینی کمپنیوں کی جانب سے زراعت میں جدت اور ویلیو ایڈڈ غذائی مصنوعات کی پیداوار سے ہماری غذائی بر آمدات میں اضافہ ہوگا۔چینی گروپ اگست کے مہینے میں پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے پاک چین مشترکہ ورکنگ گروپ زراعت میں بیج کے شعبے میں ترقی، آبپاشی، باغبانی اور گوشت کی صنعت پر کام مکمل کرے گا۔حکام کا کہنا تھا کہ اس دورے کے بعد ہم اس قسم کے ہر شعبوں میں چینی کمپنیوں کی غیر ملکی ڈائریکٹ سرمایہ کاری کی امید کر سکتے ہیں۔پاکستان کے محکمہ شماریات (پی بی ایس) کے مطابق مالی سال 2018 کے 9 مہینوں میں غذائی بر آمدات میں 28 فیصد اضافہ ہوا جو 2.68 ارب ڈالر سے 3.43 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے ۔