بس ڈرائیور کے بیٹے پاکستانی نژاد صادق خان لندن کے پہلے مسلمان لارڈ میئر بن گئے۔ جمائما کی مبارکباد جبکہ نومنتخب لارڈ میئر نے اپنے مسلمان اور پاکستانی ہونے پر فخر کا اظہار کیا ہے۔ الیکشن کے دوران انہیں ہرانے کیلئے ارب پتی حریف اور عمران خان کے سابق برادر نسبتی زیک گولڈ سمتھ نے ان کےخلاف بھرپور منفی پراپیگنڈہ کیا اور تحقیر آمیز مہم چلائی۔ اسکے باوجود صادق خان نے ساڑھے گیارہ لاکھ ریکارڈ ووٹ حاصل کر کے اپنے ارب پتی یہودی حریف کو شکست سے دوچار کیا۔ یہ لیبر پارٹی اور کنزرویٹو پارٹی کے درمیان انتخابی جنگ تھی جس میں صادق خان نے جیت کر اپنی لیبر پارٹی کو سرخرو کیا اور حکمران کنزرویٹو پارٹی جو گذشتہ آٹھ برسوں سے لندن میٹرو پولیٹن کی سیاست پر چھائی ہوئی تھی کے اقتدار کا سنگھاسن جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ صادق خان نے لندن کے لارڈ میئر کا انتخاب جیت کر جہاں ایک نئی تاریخ رقم کی وہاں پرعزم اور جدوجہد پر یقین رکھنے والوں کیلئے بھی ایک روشن مثال قائم کر دی ہے کہ جہد مسلسل سے بڑی سے بڑی کامیابی کا حصول ممکن ہے۔ صادق خان کی کامیابی جہاں انکے اہل وطن کیلئے ایک خوشی اور مسرت کا موقع ہے وہاں اسے دین اسلام کیلئے بھی ایک نیک شگون قرار دیا جا سکتا ہے کہ انکے انتخاب سے مغرب میں اسلام اور مسلمانوں کے بارے منفی پراپیگنڈہ کے پیدا کردہ اثرات بھی زائل ہونگے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو ایک نئی جہت ملے گی۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024