قومی سلامتی کے اداروں کی حمایت میں مظاہرے جاری
آزاد کشمیر میں افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے ادارے آئی ایس آئی کی حمایت میں حکمران پارٹی‘ اپوزیشن و دینی جماعتوں اور مہاجرین جموں و کشمیر سمیت مختلف طبقات نے ریلیوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر‘ پاکستان مسلم لیگ نواز آزاد کشمیر‘ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس‘ جماعت اسلامی اور دیگر کئی جماعتوں کے قائدین نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواج پاکستان اور قومی سلامتی اداروں کی بے توقیری ملک کے مفادات کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ جس کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور نہ ہی اپنے شہدائے افواج پاکستان کے مفاد پر آنچ آنے دیں گے۔ مقررین نے مخصوص میڈیا گروپ کی جانب سے افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف مہم کو ملک دشمنی قرار دیا اور افواج کی ملک و ملت کے مفاد میں قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں‘ سول سوسائٹی مظفر آباد عوامی اتحاد آزاد کشمیر نے قرار دیا ہے کہ افواج پاکستان اور اس کے ملکی سلامتی کے ادارے امت مسلمہ کا دفاعی حصار اور کشمیریوں کی امیدوں کا مرکز ہیں مسئلہ کشمیر پر ان کی کمٹمنٹ ہے۔ افواج کی پیشہ ورآنہ اہلیت اور ملک و ملت کے مفاد میں قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ آزاد کشمیر میں یوم شہدائے افواج پاکستان عقیدت و احترام اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ قوم دفاع وطن کے لئے اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ شہداء کی قربانی قوم کی حیات ہے جن کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔یوم شہدائے افواج پاکستان کے موقع پر مرکزی تقریب دارالحکومت مظفر آباد میں منعقد ہوئی جس میں صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان‘ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ‘ جی او سی 12 ڈویژن میجر جنرل فہیم، سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی سردار غلام صادق خان‘ آزاد کشمیر کابینہ کے ارکان‘ ممبران اسمبلی و کشمیر کونسل‘ چیف سیکرٹری انسپکٹر جنرل پولیس‘ آرمی و سول افسران‘ خواتین سمیت تمام طبقات کے نمائندگان اور شہداء کے ورثا موجود تھے۔ شہداء کے ورثاء کا استقبال صدر‘ کور کمانڈر‘ جی او سی اور دیگر افسران نے کیا۔ شہداء کی یادگار پر پھول رکھے گئے اور انہیں قومی ترانہ کی دھن میں سلیوٹ پیش کیا گیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان نے افواج پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ قبول نہیں ہے۔ شہید کے خون کا ایک قطرہ بھی ہمارے لئے مقدس ہے‘ دفاع وطن‘ اندرونی و بیرونی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے فوج کی مہارت‘ جذبہ اور خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے شہدائے افواج پاکستان کے نام پر تعلیمی اداروں‘ شاہرات کو منسوب کیا جائے گا‘ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ یوم شہدائے افواج پاکستان ہماری قابل فخر تاریخ کا اہم باب ہے۔دفاع وطن‘ تعمیر وطن اور قدرتی آفات کے مواقع پر امداد و بحالی کے لئے دن رات ایک کیا ہے اور آئندہ بھی قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ مٹی کا فرض ادا کریں گے‘ ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں‘ کشمیر کی آزادی کے لئے آخری سانس تک لڑیں گے اور کشمیر بنے گا پاکستان‘ یوم شہدائے افواج پاکستان کے موقع پر رات کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقدہ پروقار تقریب میں جنرل راحیل شریف نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کا ذکر بھی کیا‘ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کی امنگوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہو گا۔ آرمی چیف آف پاکستان کے بیان کا کشمیری قیادت اور آر پار کی حریت کانفرنس و عوام نے خیرمقدم کیا ہے اور قرار دیا ہے کہ اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ ادھر آزاد کشمیر کے وزیراعظم چودھری عبدالمجید نے 9 مئی کو آرمی چیف سے اظہار یکجہتی کا دن منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسی روز ریلیاں‘ جلسے‘ جلوس نکالے جائیں گے۔ آرمی چیف نے بانی پاکستان کے فرمان کو بنیاد بنا کر جو بات کی ہے اس کے صحت مند اثرات مرتب ہوں گے۔
دنیا کو پیغام دے دیا ہے دوسری جانب آل پارٹیز کانفرنس جس کی صدارت جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کی ہے ان سمیت وزیراعظم چودھری عبدالمجید‘ سابق وزیراعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ (نواز) راجہ فاروق حیدر خان‘ مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان‘ سابق صدر آزاد کشمیر سردار محمد انور خان‘ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے امان اللہ خان‘ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے سردار خالد ابراہیم خان‘ صدر جسٹس (ر) سردار محمد نواز خان‘ آل پارٹیز نیشنل الائنس گلگت پاکستان بلتستان کے صدر مشتاق احمد تحریک آزادی یورپ کے محمد غالب‘ حریت کانفرنس کے مخدوم محمد ‘ سابق سپیکر شاہ غلام قادر سمیت دیگر مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی انتخابی ڈرامہ کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے۔