بھارت کو دہشتگرد قراردیا جائے: سربجیت کے بم حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سربجیت ایک دہشت گرد تھا اس کو وی آئی پی پروٹوکول انسانیت کی توہین ہے۔ بھارتی خفیہ ادارے کے آفیسر کے اعتراف کے بعد عالمی برادری بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دیں۔ حکمرانوں کا معذرت خواہانہ رویہ ہمارے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ بھارت سرکار خطہ میں امن و امان قائم رکھنے میں سنجیدہ نہیں ۔ان خیالات کا اظہارسربجیت سنگھ کی دہشت گردی کی کاروائیوں میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سول سوسائٹی اور وکلاءنمائندوںنے لاہور پریس کلب میں منعقد ہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر بھاٹی چوک لاہور میں ہونے والے بم دھماکے کا عینی شاہداوراپنے والدشوکت جان کو کھونے اور زخمی ہونے والا سلیم اس کی بیوہ والدہ ، 11سالہ قیصر کا بڑا بھائی عبدالرحمن ،ایڈووکیٹ فرقان شاہ ، عقیل چوہدری جنرل سیکرٹری دفاع پاکستان لائرزموومنٹ ،چوہدری لطیف سراءسابقہ سیکرٹری لاہوربار و دیگر موجود تھے۔مشترکہ پریس کانفرنس میں بھارتی حکومت کے رویے پر غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموںکو بھارت کی اس گھناﺅنی حرکت کانوٹس لینا چاہیے۔ بھارتی حکومت نے پاکستان کی اعلی ترین عدالتوں سے سز ا یافتہ اور درجنوں پاکستانیوں کے قاتل کیساتھ جو” خصوصی “ سلوک کیا وہ اس بات کا غماز ہے کہ بھارت خود دہشت گرد ہے۔ انہوں نے کہا کہ سربجیت سنگھ جو ایک قاتل اور دہشت گرد تھا کو دنیاکی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے بلاوجہ قابل رحم اور ہمدردی کا مستحق بنانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے سوال کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ گزشتہ روز بھارتی میڈیا میں بھارتی کی خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے سربجیت سنگھ کو ”را‘ ‘ ایجنٹ تسلیم کیے جانے کے بعد بھی کیاکسی ثبوت کی ضرورت باقی ہے ۔ یہ اعتراف پاکستان کے اس دیرینہ موقف کی کھلی تائید کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس کو پھانسی دیدی جاتی تو بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک کر اسے ہیرو بنانے کی کوشش نہ کرتا۔