انصاف کا راستہ ترک کرنے والی بڑی طاقتیں فنا ہو گئیں: چیف جسٹس
اسلام آباد (اے پی پی) چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ حقیقی انصاف ایک پرامن اور مربوط معاشرے کی بنیاد بنتا ہے۔ انصاف کسی ملک کے وجود کا راز اور اس کے اعلیٰ اخلاق کی علامت ہوتا ہے، دنیا میں وہ شاندار تہذیبیں اور بڑی طاقتیں فنا ہو گئیں جنہوں نے انصاف کا راستہ ترک کیا۔ وہ منگل کو نیشنل جوڈیشل کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر انتظامی کمیٹی کے افسران میں تعریفی اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔چیف جسٹس نے کہا کہ بین الاقوامی عدالتی کانفرنس کا کامیاب انعقاد کوئی معمولی ذمہ داری نہیں تھی بلکہ اس کے لئے خصوصی صلاحیت، سخت محنت کی ضرورت تھی تاہم میرے بھائی ججوں اور انتظامی عملہ نے سخت محنت کے ذریعے اس تقریب کا کامیاب انعقاد یقینی بنا دیا ہے تاہم اس کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد انصاف کے شعبے سے وابستہ افراد کے مابین ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کے علاوہ حساس معاملات کے حل کےلئے حکمت عملی طے کرنا ہوتا ہے۔چیف جسٹس نے کانفرنس کے انعقاد میں شاندار کردار ادا کرنے پر متعلقہ افسران کی تعریف کی اور ان کو اسناد دیں۔