حاجی کیمپ لاہور کی عمارت پر قبضے کی کوشش ناکام، 6افراد گرفتار
لاہور (خصوصی نامہ نگار)مسلح افراد کی حاجی کیمپ لاہور کی عمارت پر قبضے کی کوشش ناکام بنا دی گئی‘ چھ افراد گرفتار ‘ متعدد فرار ہو گئے قلعہ گجر سنگھ تھانہ میں ڈائریکٹر حج لاہور ملک سعید کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ گزشتہ روز تقریباً 15مسلح افراد نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے انسپکٹر عاطف اور سب انسپکٹر حفیظ کے ہمراہ نکلسن روڈ پر واقع مجیٹھیہ ہال میں قائم حاجی کیمپ کی عمارت میں داخل ہو کر عمارت پرقبضہ کر لیا اور گیٹ کے دائیںجانب واقع عمارت کا ایک بلاک مسمار کرنے کی کوشش کی، 6 افراد مشتاق احمد ولد مزمل حسین‘ فقیر حسین ولد سرور‘ عباس ولد عاشق‘ ادریس ولد منیر خالد ‘ عدیل ولد ارشد جاوید اور منظور الحسن ولد عبد الحمید کو گرفتار کر لیا۔ واضح رہے کہ اس عمارت میں پولنگ سٹیشن بھی بنایا گیا ہے۔