دہشت گردی کے واقعات سے ٹرن آ وٹ متاثر نہیں ہوگا: وزیراعظم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے کہا ہے کہ ملک میں الیکشن کمشن کی نگرانی میں منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بات جرمنی کے سفیر ڈاکٹر سائرل فن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگرچہ دہشت گردی کے بعض واقعات ہوئے ہیں تاہم ان سے ٹرن آ¶ٹ متاثر نہیں ہو گا اور یہ کافی بہتر رہے گا۔ جرمن سفیر نے کہا کہ یورپی یونین کے مبصرین کا مشن انتخابات کی نگرانی کے لئے پاکستان کے دورے پر ہے۔ دریں اثناءوزیراعظم نے لوئر دیر میں پی پی پی کے جلسہ میں بم دھماکہ کی مذمت کی جس میں متعدد لوگ جاں بحق ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے ہنگو میں بھی بم دھماکہ میں معصوم لوگوں کی ہلاکت کے واقعہ کی مذمت کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی نے وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کو صوبے میں عام انتخابات کے انتظامات کے بارے میں بتایا۔ ملاقات میں انتخابی امیدواروں اور سیاسی جلسوں پر ہونے والے حملوں کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی کہ ریلیوں‘ جلسوں کی حفاظت کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں۔ دریں اثناءوزیراعظم کی صدارت میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں رتو ڈیرو روڈ پروجیکٹ کی پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے 795 کلو میٹر طویل گوادر ہوساب روڈ کو 2 سال میں مکمل کرنے کی تجویز منظور کر لی۔