سمیڈا کا 5 سالہ پلان تیار، روزگار کے 10 لاکھ مواقع پیدا ہونگے
لاہور (کامرس رپورٹر) سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز اتھارٹی (سمیڈا) نے پانچ سالہ ایس ایم ای ڈویلپمنٹ پلان کی منصوبہ بندی کرلی جس سے روزگار کے دس لاکھ نئے مواقع پیدا ہونگے، ایس ایم ای سیکٹر کے جی ڈی پی میں 120ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا اور برآمدات 48ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ یہ بات چیف ایگزیکٹو آفیسر سردار احمد نواز سکھیرا نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایس ایم ای ڈویلپمنٹ پلان 2013-18کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ صدر چیمبر فاروق افتخار نے ایس ایم ای سیکٹر کے ان شعبہ جات کی نشاندہی کی جنہیں حکومت کی فوری توجہ چاہیے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ، نائب صدر میاں ابوذر شاد، سابق صدر میاں مصباح الرحمن، سابق نائب صدر آفتاب احمد وہرہ، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین میاں زاہد جاوید ،ممشاد علی، آسیہ صائل خان اور سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن رحمت اللہ جاوید نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ احمد نواز سکھیرا نے کہا کہ نیا پانچ سالہ پلان ایس ایم ای سیکٹر کو تحفظ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سمیڈا کو حقیقی معنوں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لئے مددگار بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی بچت، فنانس تک رسائی، کاروباری لاگت میں کمی، ٹیکس نظام کی آسانی اور ہنرمند افرادی قوت کی دستیابی کے شعبوں پر خاص توجہ مرکوز کی جائے گی۔