لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کو ہیلتھ الائونس کی فراہمی کے حوالے سے سمری جلد منظور کرنے کا حکم دیا اور ریمارکس دیے کہ اس معاملے کو جلد نمٹایا جانا چاہیے۔ ریلوے سٹیشن کے باہر ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ریلوے اور سٹی ٹریفک پولیس مشترکہ طور پر ریلوے سٹیشنز کے ٹریفک کو کنٹرول کریں گے۔ واسا کے وکیل نے عدالت میں سیوریج نظام کی بہتری سے متعلق رپورٹ جمع کرائی اور عدالت کو بتایا کہ تمام ڈرینج سسٹمز کو واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے۔ شہر میں موجود گندے نالے صرف برساتی نالوں کے طور پر استعمال ہوں گے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ برساتی نالوں کے پانی کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تاہم، پوری طرح گندے نالوں کو بند کرنے پر محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے اعتراض اٹھایا ہے۔
ٹریفک پولیس کو ہیلتھ الاؤنس کی سمری جلد منظور کی جائے: ہائیکورٹ
Mar 08, 2025