اوپن یونیورسٹی نے علاقائی مراکز کا جال پھیلانے پر کام تیز کردیا
اسلام آبا؎د (نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے چاروں صوبوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے اِن علاقوں میں اپنا تعلیمی نیٹ ورک قائم کرنے اور اس کی توسیع کے عمل کو تیز کردیا ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم خود اِس توسیعی عمل کی نگرانی کررہے ہیں اور اِس سلسلے میں آج کل صوبہ سندھ کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسسز، انعام اللہ شیخ اور ڈائریکٹر کورآرڈینیشن اینڈ فالو اپ، میجر(ر)راجہ عمر یونس کے ہمراہ مورو، مٹھی اور سکھر کے علاقائی دفاتر کی زیر تعمیر عمارتوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے تعمیراتی کمپنی کے عملے کو کام کی رفتار کو تیر کرنے اور معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔مٹھی پریس کلب میں 'میٹ دی پریس'کو بریفننگ دیتے ہوئے ڈاکٹر ضیا القیوم نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے پورے ملک باالخصوصی صوبہ سندھ کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں تعلیمی نیٹ ورک میں توسیع کے منصوبے پر کام تیز کردیا ہے ۔پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں یونیورسٹی نے 9 مزید علاقائی دفاتر قائم کئے جبکہ زیارت، کشمور، لیہ، خزدار، وانا اور میران شاہ میں ماڈل سٹڈی سینٹرز کا قیام پائپ لائن میں ہے۔