جناح گولڈ کپ پولو ٹورنامنٹ ڈائمنڈ پینٹس نے جیت لیا
لاہور (نمائندہ سپورٹس) جناح پولو اینڈ کنٹری کلب کے زیراہتمام جناح گولڈ کپ ٹورنامنٹ ٹیم ڈائمنڈ پینٹس نے جیت لیا۔ مہمان خصوصی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی تھے۔ ان کے ہمراہ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز، سی ای او ماسٹر پینٹس صوفی محمد امین، ڈائریکٹرز صوفی محمد حارث، صوفی محمد عامر، صوفی محمد فرخ، فاروق امین صوفی، صوفی محمد عمیر، صوفی محمد ہارون، صوفی محمد عزیر، کلب کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) شعیب آفتاب، سیکرٹری میجر (ر) بابر محبوب اور تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ فائنل میں ڈائمنڈ پینٹس نے ڈی ایس پولو / اے ایس سی کو 8-7 سے ہرایا۔فاتح ٹیم کے راول لیپ سٹے نے 5، ثاقب خان خاکوانی، رومیر زیولیٹا اور میر حذیفہ احمدنے ایک ایک گول کیا۔ سب سڈری فائنل میں ماسٹر پینٹس بلیک نے ٹیم ری ماؤنٹس کو 9-8 سے ہرا دیا۔ دانیال شیخ کے گھوڑے کو میچ کا بہترین گھوڑا قرار دیا گیا۔ 0-2 کی کیٹیگری میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ سید محمد تراب رضوی، 2-4 کی کیٹیگری میں نوجوان کھلاڑی راجہ میکائل سمیع کو ایوارڈ دیا گیا۔ 4 گول کی کیٹگری میں بہترین غیرملکی کھلاڑی کا ایوارڈ مارکوس پنیلو پیٹرن کیٹیگری میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ میر حذیفہ احمد کو جبکہ فائنل کا مین آف دی میچ کا ایوارڈ راول لیپے سٹے ڈائمنڈ پینٹس کو دیا گیا۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بتایا کہ پولو ایک زبردست کھیل ہے۔ انہورں نے پولو کے سابق کھلاڑی آفندی برادرز کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی کی سرپرستی میں پولو کا کھیل ترقی کر رہا ہے۔ اختتامی تقریب میں پنجاب رینجرز نے نیزا بازی کا عمدہ مظاہرہ کیا جبکہ مختلف آرمی بینڈز نے پرفارمنس بھی پیش کی جسے مہمان خصوصی صدر پاکستان نے سراہا۔