پاکستانی ٹیم چارٹرڈ طیارے سے27مارچ کو جنوبی افریقا جائیگی
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم تین ون ڈے اور چار ٹی میچوں کی سیریز کھیلنے اس رواں ماہ کی 27 مارچ کو چارٹر طیارے کے ذریعے جنوبی افریقا روانہ ہوگی، چارٹر طیارے کے اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ ادا کرے گا۔تاہم ابھی یہ طے ہونا باقی ہے کہ جنوبی افریقا اور زمبابوے کے دورے پر پاکستان کرکٹ بورڈ ایک ہی دفعہ ٹیم کو روانہ کرے گا، یا پھر زمبابوے کے دورے پر ٹیسٹ ٹیم کے ارکان بعد میں روانہ ہوں گے۔اس بارے میں پی سی بی اور جنوبی افریقا کے یونائیٹڈ کرکٹ بورڈ کے درمیان بات چیت جاری ہے کیونکہ زمبابوے کے دورے پر شامل ٹیسٹ ٹیم کے ارکان قومی اسکواڈ کے ساتھ جنوبی افریقا روانہ ہوں گے۔تو ان کے لیے ہوٹل کے کمروں کے اخراجات، قیام اور علیحدہ پریکٹس کے معاملات کا انتظام جنوبی افریقا کا بورڈ کرے گا، یا نہیں ایک بڑا سوال ہے۔پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ون ڈے میچ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 سپر لیگ کا حصہ ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 2اپریل کو سینچورین دوسرا ون ڈے 4اپریل کو جوہانسبرگ اور تیسرا اور آخری ون ڈے 7اپریل کو سینچورین میں کھیلا جائے گا۔پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان چار ٹی 20میچوں کی سیریز 16اپریل کو ختم ہوگی، 17اپر یل کو ٹیم پاکستان دو ٹیسٹ اور تین ٹی 20میچ کھیلنے زمبابوے کے شہر بلاوایو پہنچے گی۔پاکستان اور زمبابوے سیریز کے شیڈول کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔