حضرت واصف علی واصفؒ کا سہ روزہ عرس شروع
لاہور (خصوصی نامہ نگار) معروف روحانی رہنما و صوفی دانشور حضرت واصف علی واصفؒ کا 29 واں عرس مزار شریف پر رسم چادر پوشی کے ساتھ شروع ہو گیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی سردار نصراﷲ خان دریشک نے مقامی اور دوسرے شہروں سے آئے عقیدتمندوں کی ایک کثیر تعداد کے ہمراہ یہ رسم ادا کی۔ اس موقع پر درود و سلام روح پرور محفل منعقد ہوئی۔ اسلام کی سربلندی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ بعدازاں نعت خوان کی خصوصی محفل ہوئی۔ آج الحمرا ہال نمبر 1 میں دو بجے دوپہر حضرت واصف علی واصفؒ کی زندگی اور تعلیمات کے حوالے سے سیمینار ہو گا۔ مقررین میں علامہ سید ریاض حسین شاہ‘ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری‘ ڈاکٹر سید ضیاء الحسنین شاہ‘ بابا یحییٰ خان‘ پروفیسر غیاث امجد ملک‘ ڈاکٹر امجد ثاقب‘ چودھری محمد اکرم اور سید قاسم علی شاہ شامل ہیں۔ اسی روز بعد از نماز عشاء آستانہ واصفیہ پر محفل سماع ہو گی۔