پنجاب بنک کا شمار جلد ملک کے بڑے بنکوں میں ہوگا: ظفرمسعود
ملتان( سماجی رپورٹر )مئی 2020 میں جب طیارہ حادثے کا شکار ہو رہا تھا تو مجھے اس وقت یہ یقین تھا کہ آج مجھے کچھ نہیں ہو گا، اور پھر وہی ہوا جو میں سوچ رہا تھا کہ طیارے حادثے میں دو کے علاوہ باقی تمام مسافر شہید ہو چکے تھے اور جب میرا طیارہ حادثے کا شکار ہو رہا تھا تو عین اسی وقت میرے والدین وظائف پڑھ رہے تھے جس وجہ سے مجھے نئی زندگی ملی ان خیالات کا اظہار بینک آف پنجاب کے صدر اور سی ای او ظفر مسعودنے ملتان میں چمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈیرہ غازی خان اور ملتان کے عہدے داروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقعہ پر ڈیرہ غازی خان چمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ آپ کو دیکھ کر اس لئے بھی خوشی ہو رہی ہے کہ آپ موت کو شکست دے کر آئے ہیں، یقینا زندگی کے اس جنم میں آپ کی والدہ محترمہ کی دعائوں کا بہت اثر ہے۔خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ ہم بینک آف پنجاب کو اپنا بینک اس لئے کہتے ہیں کہ یہ ہمارے صوبے کا بینک ہے۔اس لئے ہماری خواہش ہے کہ آپ کا بینک جنوبی پنجاب کے صنعت کاروں کو زیادہ سے زیادہ مراعات دے۔ ظفر مسعودنے مزید کہا کہ ہم آنے والے دنوں میں ہر برانچ میں اسلامک بینکنگ بھی شروع کر رہے ہیں تاکہ معاصر بینکوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ آنے والے پانچ برسوں میں بینک آف پنجاب ملک کے پانچ بڑے بینکوں میں شمار ہو گا ۔تقریب میں ملتان چمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر تنویر اے شیخ نے کہا کہ ملتان کے صنعت کار آپ کے بینک کے ساتھ دست تعاون بڑھانے کو تیار ہیں اگر بینک آف پنجاب بھی ویسے ہی ہمارے ساتھ تعاون کرے۔تقریب میں خواجہ محمد یونس ،سید افتخار علی شاہ، خواجہ محمد عثمان، خواجہ محمد فاروق، ملک رب نواز اور دیگر نے خطاب کیا ۔بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعور نے ملتان بہاولپور اہل قلم کے لیے ملتان لٹیریری فیسٹول کرانے کا اعلان کیا اس موقع پر شاکر حسین شاکر نے انھیں اپنی کتابوں کا سیٹ بھی پیش کیا تقریب کے آخر میں خواجہ جلال الدین رومی اور تنویر اے شیخ نے بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعور کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کیں۔