آج خواتین کے عالمی دن کے موقع پر میں ان تمام ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں: شاہ محمود قریشی
اسلام آباد :وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےعالمی یوم خواتین کےموقع پراپنے پیغام میں خواتین اوربالخصوص کشمیرمیں حق خود ارادیت کے لئے برسر پیکار ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کوخراج تحسین پیش کیا ۔
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج خواتین کے عالمی دن کے موقع پر میں ان تمام ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جواس ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کا دن اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم خواتین کو آگے بڑھنے کیلئے یکساں مواقع مہیا کرنے کا تہیہ کریں اور مختلف شعبہ جات میں ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا جائے ۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر میں مقبوضہ جموں کشمیر میں اپنے حق خود ارادیت کے لئے برسر پیکار ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عظمت، کو خصوصی سلام پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے جرات اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے ۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عالمی یوم خواتین کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا کہ کوئی بھی قوم عظمت کے عروج تک نہیں پہنچ سکتی جب تک کہ آپ کی عورتیں آپ کے شانہ بشانہ نہ ہوں ۔اس عالمی یوم خواتین پر ہم خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،جو ہر شعبہ ہائے زندگی میں محنت سے قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ہم بھارتی مظالم کاشکارتمام کشمیری خواتین کوخصوصی خراج تحسین پیش کرتےہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں1989سےاب تک22ہزار911 خواتین بیوہ ہوئیں،مقبوضہ کشمیرمیں 1989سےاب تک11ہزار179خواتین سے بدسلوکی اورعصمت دری کی گئی جبکہ 2377 خواتین کو قتل کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ آسیہ اندرابی،ناہیدہ نسرین،فہمیدہ صوفی اور دیگر کشمیری خواتین کوقید میں رکھا گیا۔