امان اللہ کے انتقال پر بھارتی فنکاروں کا بھی اظہار افسوس،دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری
پاکستان کے لیجنڈ فنکار امان اللہ کے انتقال پر بھارتی فنکاروںنے بھی سوشل میڈیا پر اظہار افسوس کیا ہے جبکہ دنیا کے مختلف ممالک میں موجود ان کے پرستاروں کی جانب سے ان کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے ، مختلف مقامات پر امان اللہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق گلوکار دلیر مہندی، اداکار جونی لیور، کپل شرما ، رضا مراد سمیت دیگر نے سوشل میڈیا سائٹس پر پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین اداکار امان اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انتقال سے فن مزاح کا ایک باب بند ہو گیا ۔ امان اللہ کے فن مزاح کے بھارت میںبھی بہت سے پرستار ہیں ۔علاوہ ازیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے ان کے پرستاروں کی جانب سے ان کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں سے رابطہ کرکے اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مختلف مقامات پر اجتماعی فاتحہ خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔