کوئٹہ کا شیڈول سخت، جہاز سے اترتے ہی میچ کھیلنا نا انصافی ہے: ندیم عمر
لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ماک ندیم عمر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے شیڈول کی وجہ سے ہمیں خاصے مسائل کا سامنا رہا ہے۔ پی سی بی کو سب کے ساتھ یکساں سلوک کرنا چاہیے ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ ایک دو ٹیمیں مسلسل سفر کرتی رہیں اور باقی آرام سے میچز کھیلیں۔ ہمارا شیڈول بہت سخت بنایا گیا ہے۔ جہاز سے اترتے ہیں اور میچ کھیلنے چلے جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے سیزن فائیو میں ہم نے سب سے زیادہ سفر کیا ہے۔ موسم کی خرابی کی وجہ سے فلائٹس تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں، گھنٹوں ائیر پورٹ پر انتظار کرنا پڑتا ہے۔ سی 130 پر سفر کر ایک سے دوسرے شہر پہنچ رہے ہیں۔ ندیم عمر کا کہنا تھا کہ جو ہونا تھا ہو چکا ہے اب ہمیں اپنی کرکٹ پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ ہم نے پندرہ دن میں صرف دو دن پریکٹس کی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اگلے سیزن میں ان چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ کسی بھی ٹیم کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے۔ یہ نہیں سمجھتا کہ جن بوجھ کر ایسا ہوا ہے لیکن کس کس کو جا کر بتائیں کہ کیا ہوا ہے۔عمر اکمل کے جانے سے نقصان ہوا ان کے متبادل کے طور پر مقامی کھلاڑی ہی لینا تھا۔ فہرست اٹھا کر دیکھیں تو ان جیسا باصلاحیت کھلاڑی موجود نہیں تھا۔ پھر انور علی کو اس لیے منتخب کیا کہ وہ پہلے بھی ہمارے ساتھ رہے ہیں۔