سیمی کی سکیچ تیار کرنیوالے ننھے مداح سے ملاقات‘شرٹ کا تحفہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان سْپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے سکیچ تیار کرنیوالے کم عمر مداح شاہ خان سے ملاقات کر لی۔ملاقات میں ڈیرن سیمی کے مداح شاہ خان نے سکیچ بطور تحفہ پیش کیا۔ٹوئٹر پر ڈیرن سیمی نے ملاقات کے دوران لی گئیں تصویریں شیئر کیں اور بتایا کہ انہوں نے شاہ خان سے ملاقات کی اور اپنی دستخط شدہ شرٹ بھی دی۔اس سے قبل متعدد بار مردان سے تعلق رکھنے والے سیمی کے باصلاحیت مداح کی جانب سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا تاہم گزشتہ روز ڈیرن سیمی نے صارف سے شاہ خان کا ایڈریس معلوم کیا اور کہا تھا کہ وہ بھی شاہ خان سے ملنا چاہتے ہیں۔ پیغام میں ڈیرن سیمی نے کہا کہ میں نے اپنا وعدہ پورا کیا اور باصلاحیت بچے سے ملاقات کی۔ڈیرن سیمی کی پاکستان کے قومی لباس میں تصویریں سوشل میڈیا پر مقبول ہو رہی ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر ڈیرن سیمی نے سفید قمیص شلوار میں ملبوس تصویریں اور ویڈیو اپلوڈ کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔’زندگی بہتر ہے‘ کا کیپشن دیتے ہوئے ڈیرن نے ایک ویڈیو شیئر کی۔ ڈیرن سیمی کے مداحوں کیساتھ ساتھ پشاور زلمی کے چیئر مین جاوید آفریدی، ساتھی کھلاڑی شعیب ملک نے بھی ڈیرن سیمی کی شیئر کردہ تصویروں پر کمنٹس کرکے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا۔