نسیم شاہ کی جگہ زاہد محمود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ میں شامل
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)لیگ سپنر زاہد محمود کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ نوجوان فاسٹ بائولر نسیم شاہ انجری کے باعث سکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں۔نسیم شاہ 5 مارچ کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں پشاور زلمی کے خلاف میچ میں بائیں ٹخنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ نسیم شاہ کے سکینز کا جائزہ لینے کے بعد ڈاکٹر سہیل سلیم نے انہیں 5 روز آرام کا مشورہ دیا ہے۔متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے زاہد محمود (سلور کٹیگری) کے نام کی منظوری ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے دی۔ کمیٹی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان، بازید خان، مرینہ اقبال، سمیر کھوسہ اور ڈاکٹر سہیل سلیم شامل ہیں۔