حکومتی نالائقی کی سزا عوام بھگت رہے ہیں:رانا تنویر
فیروزوالہ ( نامہ نگار )مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومتی نالائقی اورنااہلی کی سزاعوام بھگت رہے ہیں ۔ نا اہل حکمران عوام کو ریلیف دینے میں ہر محاذ پر نا کام ہو چکے ہیں ۔ حکمران نے ملک کو ایک معاشی دلدل میں دھکیل دیا ہے مہنگائی کے باعث ہر طبقہ پریشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیمپ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ارکان اسمبلی اور مسلم لیگ(ن) کے عہدیداران بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ایم این اے رانا تنویر حسین نے کہا کہ ناکام حکومت کا ملک پر مسلط ہونا قوم کی بد قسمتی ہے پی ٹی آئی کا سونامی ملکی تعمیر و ترقی کے لیے تباہ کن ثابت ہوا۔ا حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور نا کامیوں کی وجہ سے حکومتی حمایتی بھی شرمندہ ہو گئے۔ اٹھارہ ماہ کے عرصہ میں حکومتی کارکردگی نے پاکستانی عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا عمران نیازی نے قوم کو نیا پاکستان بنانے کا جھانسہ دے کر جو وعدے کیے تھے بائیس کروڑ عوام پوچھتی ہے کہ ان میں کون سا وعدہ پورا کیا گیا ہے۔ عوام ہی نہیں بلکہ خود ان کے اتحادی مایوس ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران میاں نواز شریف کی صحت کو متنازعہ بنا رہے ہیں۔