بغاوت کا الزام‘ شاہ سلمان کے بھائی سمیت3شہزادے گرفتار: امریکی میڈیا
ریاض (نیٹ نیوز) سعودی عرب میں گزشتہ روز 3 شہزادوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اس بات کا انکشاف امریکی اخبار وال سٹریٹ جنرل نے اپنی اشاعت میں کیا ہے۔ ذرائع کے حوالے سے وال سٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ حراست میں لئے گئے افراد میں 2 سینئر شہزادے شامل ہیں۔ وال سٹریٹ جرنل کے مطابق جمعے کے روز سعودی شاہ سلمان کے بھائی شہزادہ احمد بن عبدالعزیز السعود اور ان کے بھتیجے سابق ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف کو ان کے گھروں سے شاہی محافظوں نے حراست میں لے لیا۔ ان پر بغاوت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق شہزادہ نائف کے چھوٹے بھائی شہزادہ نواف بن نائف کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ سعودی حکام نے فی الحال اس بارے میں کوئی مؤقف جاری نہیں کیا۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق 70 سال کے شہزادہ احمد اکتوبر 2018ء کے بعد لندن سے واپس سعودی عرب لوٹے تھے۔ حراست میں لئے جانے والوںمیں سے وہ سلطنت میں انتہائی بااثر شخصیات تھیں جبکہ ان حراستوں و سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔ وال سٹریٹ جرنل کے مطابق جمعے کے روز شاہی اراکین کو ان کے گھروں سے سعودی گارڈز نے حراست میں لیا۔ انہوں نے چہرے پر ماسک اور سیاہ رنگ کا لباس پہن رکھا تھا۔