وفاق صوبائی معاملات میں مداخلت کر سکتا ہے، وزیراعظم عمران خان مدت پوری کرینگے: محمد میاں سومرو
حیدرآباد( نامہ نگار )وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ وفاق کی صورتحال بہتر ہورہی ہے ،جو حالات تھے، قرضے تھے، ان کو سنبھالنا آسان نہیں تھا، وزیر اعظم عمران خان انشاء اللہ اپنی مدت پوری کرینگے،۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں سومرو برادری کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ محمد میں سومرو نے کہا کہ مہنگائی کم ہوگئی ہے، اگلے بجٹ میں بہت بہتری ہوگی۔ چینی بحران پر جو بھی انکوائری رپورٹ آئی پبلک کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہ ادارے نجی ہورہے ہیں، سیاسی ہلچل ہوتی رہتی ہے ۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد تمام ذمہ داریاں صوبے کی ہیں۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وفاق صوبائی معاملات میں مداخلت کرسکتا ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ عورت مارچ ہمیشہ انٹرنیشنل ہوتا ہے۔ محمد میاں سومرو نے کہا کہ 140 اے کے تحت لوکل گورنمنٹ کو اختیارات دینا قانون میں ہے اس پر عملدرآمد کی بات الگ ہے۔ این آر او کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے کوئی این آر او نہیں دیا ۔ ایک سوال پر محمد میاں سومرو نے کہا کہ جہانگیر ترین ساتھ ساتھ ہیں سائڈ لائن نہیں۔