یاسین ملک کی رہائی کیلئے جے کے ایل ایف کا احتجاجی مارچ 14مارچ کو ہو گا
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک اور دوسرے کشمیری قیدیوں کی رہائی کیلئے 14مارچ کو اسلام آباد میں احتجاجی مارچ ہو گا۔ 14مارچ کو اسلام آباد میں احتجاجی مارچ کا اہتمام جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کرے گی۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے اعلان کیا ہے کہ محمد یاسین ملک سمیت جملہ حریت پسند اسیران کی فوری رہائی کے لیے فرنٹ کی احتجاجی مظاہروں کی مہم جاری رہے گی۔ سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری ایک بیان کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی جیلوں میں قید جملہ حریت پسند قائدین بالخصوص کشمیری قوم کے ہر دلعزیز رہنما محمد یاسین ملک گذشتہ ایک سال سے بھارتی ریشہ دوانیوں اور انتقام گیری کا شکار ہو رہے ہیں جس کے تحت انہیں دہلی کے بدنام زمانہ تہاڑ جیل کے اندر قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے جہاں عدم سہولیات کی وجہ سے ان کی صحت مسلسل بگڑ رہی ہے.۔