بھارت 3 ارب ڈالر کے عوض روس سے جوہری صلاحیت کی حامل آبدوز 10 سال کے لیے کرائے پر لے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جارحیت پسند بھارت کی جانب سے خطے میں امن کو تہہ و بالا کرنے کے ایک اور اقدام کا انکشاف ہوا ہے۔ جنگی جنون میں مبتلا بھارت کا روس سے جوہری صلاحيت کی حامل آبدوز کے لیے 3 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
روس سے 10 سال کے لیے کرائے پر لی گئی جوہری ہتھياروں سے لیس یہ تیسری آبدوز ہے، روس یہ آبدوز 2025 تک بھارتی بحريہ کے حوالے کردے گا۔ اس سے قبل پہلی آبدوز 1988 میں 3 سال جب کہ دوسری آبدوز 2012 میں 10 سال کے لیے لی گئی تھی۔
واضح رہے کہ روس بھارت کو جنگی اسلحہ اور ساز و سامان فروخت کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور گزشتہ برس ہی بھارت کے دورے پر روسی صدر اور وزیراعظم مودی کے درمیان دنیا کی سب سے طاقتور میزائل ٹیکنالوجی ایس-400 کے لیے معاہدہ طے پایا تھا۔