کابل میں سیاسی تقریب پر حملے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور22 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نامعلوم حملہ آوروں نے ایک جلسے میں مارٹر بم فائر کیے، جس وقت مارٹر بم فائر ہوئے اس وقت عبداللہ عبداللہ اسٹیج پر تقریر کر رہے تھے، حملے میں 3 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہو گئے۔جلسہ حزبِ وحدتِ اسلامی کی جانب سے اس کے مقتول قائد عبدالعلی مزاری کی برسی پر منعقد کیاگیا تھا۔ اس جلسے میں کئی صدارتی امیدواروں کے علاوہ سابق افغان صدر حامد کرزئی اور افغان چیف ایگزیکٹو بھی موجود تھے جو حملے میں محفوظ رہے۔صدارتی امیدوار حنیف اتمار کے مطابق زخمیوںمیں سے آٹھ افراد ان کے گارڈ تھے۔ ایک اور صدارتی امیدوار عبداللطیف بھی زخمی ہونے والوں میں شامل ہیں۔