اخلاص کی راہ میں نفسانی خواہشات رکاوٹ ہیں، حاجی محمد امین عطاری
کراچی(نیوز رپورٹر) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و نگران باب المدینہ کراچی مشاورت حاجی محمد امین عطاری نے کہا ہے کہ اخلاص کی راہ میں بہت بڑی رکاوٹ نفسانی خواہشات بھی ہیں، اخلاص کے ساتھ تھوڑا عمل بھی کافی ہے ،اخلاص پیدا کرنے کیلئے اپنی نیت کو درست کیا جائے کیونکہ اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے جب تک نیت درست نہ ہوگی عمل کا ثواب نہیں ملے گا اور اخلاص پیدا نہیں ہوگا ، جب بندہ اللہ عزوجل کی رضا کیلئے نیکی کے کام کرتا ہے تو اس کا یہ تھوڑا عمل اس کیلئے کافی ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے فیضان مدینہ میں اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جن وانس کو اپنی عبادت کیلئے پیدا کیا ،انسان کو عقل شعور کے زیور سے نوازا تاکہ برائی وبھلائی میں تمیز کریں ،ہر طرح کی نعمتیں عطا فرمائی تاکہ اللہ کا شکر ادا کریں ،مگر شیطان بڑا عیارومکار ہے وہ انسان کو گناہوں میں مبتلا کردیتا ہے اورشیطان ہر دم اس کوشش میں رہتا ہے کہ بندہ اللہ تعالیٰ کی ناشکری کرکے اس کی نافرمانی میں مبتلا ہوجائے وہ نیکیوں کی طرف مائل نہیں ہونے دیتا اور اگر کوئی نیکی کی طرف مائل ہوبھی جائے تو ریاکاری تکبر میں مبتلا کرکے نیکیاں ضائع کرنے کی کوشش کرتا ہے ۔