واٹر سپلا ئی اسکیم ڈہر کی میں کر پشن کا انکشاف ، ایس ڈی او گرفتار
میرپور ماتھیلو (نامہ نگار) واٹر سپلائی اسکیم ڈہرکی میں 34لاکھ روپے کی مبینہ کرپشن کا انکشاف ، پبلک ہیلتھ کے انجینئر ایس ڈی او سمیت محکمے کے گیارہ ملازمین پر مقدمہ درج۔ ایس ڈی او مہر داس کو اینٹی کرپشن فورس نے میرپور ماتھیلو سے گرفتار کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈہرکی کی واٹر سپلائی اسکیم میں مبینہ طور پر 34لاکھ روپے کی کرپشن کیے جانے پر اینٹی کرپشن پولیس سب انسپکٹر عبدالفتح مہر کی مدعیت میں پبلک ہیلتھ کے انجینئر عبدالرئوف کولاچی ،ایس ڈی او مہر داس ،ٹھیکیدار عالم پتافی ، اکائونٹنٹ ریاض کمبوہ ،ٹھیکیدار مشتاق کولاچی سمیت محکمے کے گیارہ ملازمین پر چونتیس لاکھ روپے کی کرپشن کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ مقدمہ درج کرنے کے بعد اینٹی کرپشن پولیس نے میرپور ماتھیلو پہنچ کر ایس ڈی او مہر داس کو گرفتار کر لیا ۔اس ضمن میں اینٹی کرپشن پولیس کا کہنا تھا کہ کچھ روز قبل واٹر کمیشن بورڈ کے چیئرمین امیر مسلم ہانی کی جانب سے ضلع گھوٹکی کے دورے کے دوران ڈہرکی واٹر سپلائی اسکیم کی تحقیقات کا حکم دیا تھا جس کے بعد اینٹی کرپشن پولیس کی ایک ٹیکنیکل ٹیم نے ڈہرکی پہنچ کر واٹر سپلائی اسکیم کا معائنہ کیا جس میں چونتیس لاکھ روپے کی کرپشن کی تصدیق کی گئی ۔ بعد ازاں اینٹی کرپشن پولیس کی جانب سے کرپشن میں ملوث ایس ڈی او مہر داس کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے سلسلے میں چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔