سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ: لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا
لاہور (صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سینیٹ انتخابات میں ہونے والی مبینہ ہارس ٹریڈنگ کے خلاف دائر درخواست پر الیکشن کمشن سے 2 اپریل کو جواب طلب کر لیا ہے ۔ درخواست سابق سیکرٹری الیکشن کمشن کنور دلشاد کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ جسٹس شاہد کریم نے درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی اور الیکشن کمشن سے 2 اپریل کو تحریری وضاحت طلب کر لی ہے ۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے الزامات پر الیکشن کمشن نے نوٹس لیا ہے لیکن ہارس ٹریڈنگ نہ رک سکی اور اس حوالہ سے الیکشن کمشن نے موثر اقدامات نہیں کئے ۔ درخواست میں کہا گیا تمام سیاسی جماعتوں نے سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگا دیا ہے یہ صاف اور شفاف انتخابات نہیں ہوئے لہذا ان انتخابات کو کالعدم قرار دے کر صاف اور شفاف طریقہ سے سینیٹ انتخابات کا انعقاد کروایا جائے ۔ عدالت نے درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے 2 اپریل کو تحریری جواب طلب کر لیا ہے ۔