چوبرجی سے علی ٹائون تک اورنج ٹریک آئندہ ہفتے مکمل کر لیا جائیگا: خواجہ احمد حسان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ اورنج لائن کے لئے مزید دو ٹرین سیٹ گزشتہ روز پاکستان پہنچ گئے‘ اس طرح یہاں کی تعداد 21ہو گئی ہے۔ چوبرجی سے علی ٹائون تک میٹرو ٹرین کے 13کلومیٹر طویل بالائے زمین ٹریک کی تعمیر کا باقی کام آئندہ ہفتے مکمل کر لیاجائے گا۔ یہاں 804میں سے 772یوٹب گرڈرز پہلے ہی نصب کئے جا چکے ہیں‘باقی32یوٹب گرڈرز کی تنصیب بھی جلد ہی کر دی جائے گی۔ پیکیج ٹو کے13سٹیشنوں کا 80فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طورپرمنصوبے کا 85.9فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے -ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا89.99 فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا 79فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 86.55 فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا87.83فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔اس کے علاوہ منصوبے کا47فیصد الیکٹریکل ومکینیکل ورکس بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ جی پی او سٹیشن کی چھت تعمیر کرنے کا نصف کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ باقی کام بھی آئندہ چند روز میں مکمل کر کے جی پی او چوک کو ٹریفک کے لئے 31مارچ تک کھول دیا جائے گا۔ خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ جی پی او اور انار کلی سٹیشنوں کے شہر کے مصروف کاروباری علاقوں میں واقع ہونے کے باعث ان کے ارد گرد کے ماحول کوخوبصورت بنانے اور ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے جامع منصوبہ بنایا جائے۔