ڈکیتی کی واردات کے 4 ملزم گرفتار ، زیورات ، نقدی، گھڑیاں برآمد
لاہور (سپیشل رپورٹر) سمندر پار مقیم پاکستان کے گھر ڈکیتی کی واردات کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرکے 22 تولہ سونے کے زیورات ، نقدی اور گھڑیاں برآمد کرلی گئی ہیں ۔ وائس چیئرمین پرسن او پی سی شاہین خالد بٹ اور کمشنر افضال بھٹی نے بتایا کہ سعودی عرب میں مقیم خضر حیات نے کمیشن کو شکایت درج کروائی کہ نامعلوم ڈاکو ان کے گھر واقع مدینہ ٹائون ، فیصل آباد سے نقدی، زیورات اور گھڑیاں لوٹ کر لے گئے ہیں، جن کو برآمد کرایا جائے، یہ شکایت مزید کارروائی کیلئے ایڈیشنل ڈی جی ، او پی سی ڈی آئی جی آغا محمد یوسف اور فیصل آباد پولیس کے سپرد کی گئی، جن کی تحقیقات کے نتیجے میں یہ واردات کرنے والے 4 ملزموں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 14 لاکھ روپے مالیت کے 22 تولہ زیورات ، 2 گھڑیاں اور ایک لاکھ بیس ہزار روپے نقد برآمد کر لیے گئے ۔ملزموں کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری اور مزید مال مسروقہ کی برآمدگی کے لئے تفتیش جاری ہے۔