سابق آئی جی کی سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ میں طلبی روکنے کے احکامات میں توسیع
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے سابق آئی جی پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا کی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے استغاثہ میں طلبی پر عمل درآمد روکنے کے احکامات میں مزید توسیع کر دی ہے اور عوامی تحریک کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے سابق آئی جی پولیس پنجاب کی درخواست پر سماعت کی جس میں عوامی تحریک کے استغاثہ پر انسداد دہشت گردی کی عدالت کے طلبی کے نوٹسز کو چیلنج کیا گیا ہے۔سماعت کے دوران سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا عدالت میں پیش ہوئے اور ان کے وکیل نے بتایا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے دو مقدمات درج ہوئے سابق آئی جی پولیس پنجاب کو ملزم نامزد نہیں کیا گیا لیکن سانحہ ماڈل ٹاون کے چوبیس ماہ بعد انہیں استغاثہ میں ملزم نامزد کرکے طلب کرلیا گیا۔ مشتاق سکھیرا کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ استغاثہ میں ان کا موقف سنے بغیر دہشت گردی عدالت نے انہیں طلبی کے نوٹس جاری کر دیئے جو بلاجواز ہیں۔