جمہوریت کو ووٹ دینے کا وقت آئے تو عمران بھاگ جاتے ہیں، ہارس ٹریڈنگ کیخلاف ایکشن ہونا چاہئے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد(آن لائن) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جمہوریت کو ووٹ دینے کا وقت آئے تو عمران خان پارلیمنٹ سے بھاگ جاتے ہیں۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا عمران کالی عینک لگا کر جمہوریت پر لیکچر دیتے ہیں لیکن جب ووٹ دینے کا وقت آئے تو پارلیمنٹ سے بھاگ جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا پنجاب میں تحریک انصاف کی 30 سیٹیں تھیں لیکن انہوں نے 44 ووٹ لیے حالانکہ ہارس ٹریڈنگ کا الزام ہم پر لگایا جب کہ تحریک انصاف ہارس ٹریڈنگ کرتی ہے۔ میں نے کسی پر الزام نہیں لگایا بلکہ حقیقت بیان کی ہے۔جن جماعتوں کی 6 سیٹیں تھیں وہ 26 ووٹ لیتی ہیں اور جس جماعت کی 30سیٹیں تھیں وہ 44 ووٹ لیتی ہے۔ میں نے حقیقت بیان کی اور اسی حقیقت پر سوال اٹھ رہے ہیں۔مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ جن جماعتوں نے سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی ان کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے۔