امام کعبہ کی 3 روزہ دورے پر لاہور آمد، آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس میں شرکت کرینگے
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی دوروزہ 24 ویں آل پاکستان اہل حدیث کانفرنس 8 اور 9 مارچ کو کالا شاہ کاکو میں شرکت کے لیے ا مام کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب 3 روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے۔امام کعبہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پہنچے تو مرکزی امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر، ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، حافظ ابتسام الہی ظہیر،سعودی سفیر، صوبائی وزیر مذہبی امور سید زعیم قادری، مولانا عبدالخبیر آزاد، حافظ طاہر اشرفی، حاجی عبدالرزاق، حاجی نذیر انصاری، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، قاری صہیب میر محمدی، حافظ عبدالستار حامد، مولانا ابوبکر حنیف، مولانا عبدالمالک مجاہد نے ان کا استقبال کیا۔ امام کعبہ نے سینیٹر پروفیسر ساجد میر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پہنچ کر مجھے دلی مسرت ہو ئی ہے۔ پاکستانی قوم دین سے محبت رکھنے والی ہے۔ انکی حرمین شریفین سے والہانہ عقیدت مثالی ہے۔ میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی اتحاد امت اور استحکام پاکستان کے عنوان کے تحت ہونے والی کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچا ہوں۔ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ امام کعبہ نے ہماری دعوت قبول کرکے صرف ہمیں ہی نہیں پورے پاکستان کو عزت بخشی ہے۔ انکی آمد سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اخوت کے رشتے مزید پروان چڑھیں گے۔ امام کعبہ آج 8 مارچ کی آخری نشست میں شرکت کے علاوہ کل 9 مارچ کا خطبہ جمعہ بھی دیں گے۔ سعودی عرب، امارات، کویت، قطر، برطانیہ، ملائیشیائ، لیبیا، بنگلہ دیش، نیپال، بھارت، مالدیپ اور افغانستان سے وفود شریک ہوں گے۔کانفرنس کی کل پانچ نشستیں ہوں گی۔ خواتین کے لیے پردے کا انتظام ہوگا۔ ملک بھر سے لاکھوں توحید و سنت کے علمبردار شرکت کریں گے۔ کانفرنس کی پہلی نشست 8 مارچ بروز جمعرات، بعد نماز ظہر شروع ہو گی جس کی صدارت مولانا عبدالرشدحجازی کریں گے جبکہ حافظ حبیب الرحمن حبیب (ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ) مہمان خصوصی ہو ں گے۔دوسری نشست 8، مارچ بروز جمعرات، بعد نماز عصرفضیلۃ الشیخ محمد بن سعد الدوسری کی صدارت میں ہو گی جس کے مہمان خصوصی حضرت مولانا عبدالمالک مجاہد ہوں گے۔ تیسری نشست 8 مارچ بروز جمعرات، بعد نماز عشاء ہو گی جس کے مہمان خصوصی امام حرم کعبہ فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صالح بن محمد آل طالب ہوں گے۔چوتھی نشست 9 مارچ بروز جمعۃ المبارک نماز فجر کے بعد ہو گی جس کا آغاز حافظ مسعود عالم کے درس قرآن سے ہو گا۔ جبکہ پانچویں اور آخری نشست علامہ پروفیسر سینیٹر ساجد میر کی صدارت میں 9 مارچ بروز جمعۃ المبارک کو ہوگی۔ جس سے پروفیسر ساجد میر کا خطاب ہو گا جبکہ امام حرم کعبہ فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صالح بن محمد آل طالب جمعہ کے اجتماع سے خطاب اور پھر نماز جمعہ کی امامت کروائیں گے۔