اوورسیز پاکستانیز کیلئے ووٹ کا حق‘ نادرا سے پیشرفت رپورٹ طلب کر لی گئی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں تارکین وطن پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیس کی سماعت میں عدالت نے نادرا سے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت تین ہفتوں کے لیئے ملتوی کر دی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔چیف جسٹس نے پیش رفت بارے سوال کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ووٹ کے حق کو یقینی بنانا ہے، یقینی بنانا ہے کہ تارکین وطن کو ووٹ کی سہولت اور حق ملے، آپ کا کام مکمل ہونے کے بعد ہوسکتا ہے کہ قانون سازی کرانی پڑے،اگر اسمبلی ختم ہوگئی تو اس چیز کو بھی دیکھنا ہے،ایسا نہ ہو کہ سافٹ وئیر بن جائے اور قانون سازی کے لیے اسمبلی موجود نہ ہو۔چیئرمین نادرا نے کہا نادرا نے بہت پیش رفت کرلی ہے، سسٹم کافی حد تک ہم نے بنالیا ہے۔چیف جسٹس نے کہا سیکرٹری الیکشن کمیشن کدھر ہیں؟ ۔چیئرمین نادرا نے کہا یہ سسٹم الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر بنا رہے ہیں، ووٹ رجسٹریشن، ووٹ ڈالنا، ووٹ کی گنتی کا سسٹم بنارہے ہیں،ووٹ کی سہولت دینے کا آدھا سسٹم بنالیا ہے۔نادرا کی طرف سے عدالت کو پریذنٹیشن دی گئی۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا یہ کیسے یقینی بنایا جائے گا کہ ووٹر نے کسی کے اثر انداز ہوئے بغیر ووٹ ڈالا ہے،عام نظام میں ووٹر الگ کیبن میں جاکر ووٹ ڈالتا ہے۔چیئرمین نادرا نے کہا اس سسٹم کے تحت اثر انداز ہونے کو نہیں روک سکتے۔چیف جسٹس نے کہا سیکیورٹی کے معاملات کو بھی سسٹم کی تیاری میں مدنظر رکھا جائے۔چیئرمین نادرا نے کہا آن لائن سسٹم کا ڈیٹا الیکشن کمیشن کے پاس ہوگا،الیکشن کمیشن ڈیٹا ریٹرننگ آفیسر کا فراہم کرے گا۔جسٹس اعجاز الااحسن نے کہا جعلی ووٹنگ کو روکنے کا سسٹم میں بندوبست ہوگا؟ ۔چیئرمین نادرا نے کہا جعلی ووٹنگ کو سسٹم سے روکا جائے گا،ہماری یہ استدعا ہے کہ ہمارے سسٹم کی ایولوایشن کا تھرڈ پارٹی سے جائزہ لیا جائے۔بعد ازاں عدالت نے سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کرتے ہوئے نادرا سے پریزنٹیشن بارے پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔
ووٹ کیس