میمو کیس: حسین حقانی کیخلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے مزید5 روز کی مہلت
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ میمو گیٹ سیکنڈل میں ملوث مفرر ملزم حسین حقانی کے حوالے سے مقدمہ کی سماعت میں عدالت نے حسین حقانی کو واپس لانے کے لیئے اقدمات کرنے اور انکے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے کو مزید5 روز کی مہلت دے دی ہے .بروز بدھ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے سرکاری افسران سے استفسار کیاکہ حسین حقانی کو واپس لانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں ؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے فاضل عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز اٹارنی جنرل کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا جس میں معاملے کا جائزہ لیا گیا، لائحہ عمل طے کررہے ہیں عدالت کچھ مہلت دے تمام پلان عدالت کے سامنے پیش کردیا جائے گا، چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ ابھی تک مقدمے کا اندراج کیوں نہیں ہوا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ مقدمے کے اندراج کے لیے 5 روز کا وقت دیا جائے، عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی استدعا منظورکرلی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ مقدمے کا اندراج بہت جلد ہوجائے گا، چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ مقدمے میں تاخیر کی وجہ کیا ہے، درخواست گزار کا کہنا تھا حکومت کو عدالتی احکامات کی عزت کرنی چاہیئے ، چیف جسٹس نے کہاکہ حکومت عدالتی احکامات کی عزت کرتی ہے، اس دوران ڈی جی ایف آئی اے نے استدعا کی کہ مقدمے کے اندراج کیلیے پانچ دن دیئے جائیں، عدالت نے ڈی جی ایف ایف آئی اے کی استدعا بھی منظور کر لی اور ہدایت کی کہ آئیندہ سماعت پر بتائیں حسین حقانی کی واپسی کے لئے کیا اقدامات ہوئے، عدالت نے کیس کی سماعت 15 روز تک ملتوی کر دی۔