پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت آج ہوگی فریقین اور متعلقہ اداروں کو نوٹس، سماعت تین رکنی بنچ کریگا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف کیخلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت سنگین غداری کیس کی سماعت آج ہوگی۔ خصوصی عدالت میںکیس کی سماعت جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔ کیس میں فریقین، متعلقہ اداروں، درخواست گذار صہبا مشرف کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس کو اس حوالے انتظامات کرنے اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مئی 2017ء کوکیس کی آخری سماعت میں درخواست گزار صہبا مشرف کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ تمام پراپرٹی اور بینک اکائونٹس مشرف کے نام نہیں عدالت ان کی پراپرٹی قرق نہ کرنے اور اکائونٹس ڈی فریز کرنے کا حکم دے، عدالت نے ان کی استدعا مسترد کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور ایف آئی اے کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے پیش رفت رپورٹ طلب کی تھی۔ کیس کی سماعت وفاقی شرعی عدالت میں قائم خصوصی عدالت میں ہوگی۔