حافظ سعید کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف درخواست، ہائیکورٹ نے حکومت کو جواب کیلئے مہلت دیدی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے جماعتہ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف دائر درخواست پر حکومت کو جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دے دی۔ ہائیکورٹ نے حافظ سعید کی درخواست پر سماعت کی جس میں گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے. وفاقی اور صوبائی حکومت کے وکلا نے جواب داخل کرانے کیلئے وقت مانگا جس پر عدالت نے انہیں مہلت دے دی۔ حافظ سعید کے وکیل اے ڈوگر نے دعوی کیا کہ امریکہ اور بھارت کے دبائو پر پاکستانی حکومت درخواستگزار کے خلاف کارروائی کرنا چاہتی ہے. امریکہ نے پاکستان کو حافظ سعید کی گرفتاری کا کہہ بھی دیا ہے، اقوام متحدہ کا وفد پاکستان آ رہا ہے۔ حکومت امریکہ اور بھارت کو خوش کرنے کیلئے حافظ سعید کو دوبارہ گرفتار یا نظر بند کرسکتی ہے۔ درخواست پر کارروائی 4 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔