سنگین غداری کیس کی سماعت میں خصوصی عدالت نے آئندہ سماعت پر سابق صدر پرویز مشرف کو طلب کر لیا
خصوصی عدالت کے جج جسٹس میاں مظہر عالم میاں خیل کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ وکیل استغاثہ اکرم شیخ نے عدالت کا آگاہ کیا کہ گواہان کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں، ملزم کو طلب کیا جائے۔ اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو بلا کر ان کا بیان ریکارڈ کیا جائے۔ جسٹس میاں مظہر عالم خیل نے کہا کہ ہمیں وقت ضائع کیے بغیر ملزم کا بیان ریکارڈ کرنا ہوگا۔ سماعت میں پرویز مشرف کے وکیل نے میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کرادی جس پر جسٹس میاں مظہر عالم میاں خیل نے ریمارکس دیئے کہ میڈیکل رپورٹ دینے کا یہ کوئی طریقہ نہیں۔ میڈیکل رپورٹ کو طریقہ کار کے مطابق جمع کرایا جائے۔ اکرم شیخ نے عدالت سے استدعا کی کہ ٹرائل کو روزانہ کی بنیاد پر چلایا جائے۔ جسٹس میاں مظہر کا استفسار کیا کہ کیا پرویز مشرف کو حاضری سے استثنیٰ ہے۔ اکرم شیخ نے عدالت کا آگا کیا کہ ملزم پرویز مشرف ضمانت پر ہےجسٹس میاں مظہر نے کہا کہ کیا ملزم کو ضمانت کے ساتھ حاضری سے استثنیٰ بھی حاصل ہے۔اگر استثنیٰ ہے تو بھی عدالت جب مناسب سمجھےتو ملزم کو بلا سکتی ہے۔ ملزم کو بلانے کیلئے اسے نوٹس جاری کرنا ہوگا۔ خصوصی عدالت نے آئندہ سماعت پر پرویز مشرف کو طلب کر لیا ۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ملزم آئندہ سماعت پر پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرائے۔
کیس کی مزید سماعت اکتیس مارچ کو ہوگی۔