4 روز میں 56 گاڑیاں بند‘ 48 کے چالان ہونے کے باوجود کرائے کم نہ ہو سکے
لاہور( شہزادہ خالد) چار دنوں کے دوران اوور چارجنگ روکنے والی پی ٹی اے کی ٹیم نے لاہور سے دوسرے شہروں کو جانے والے مختلف روٹس پر ناکے لگا کر 56 گاڑیوں کو زائد کرایہ لینے پر لاہور کے مختلف تھانوں، لاری اڈوں میں بند کر دیا ہے اور 48 گاڑیوں کے چالان کئے ہیں۔ اسکے باوجود کرایوں میں کمی نہ ہو سکی۔ ٹرانسپورٹرز ڈٹ گئے۔ حکومت بے بس نظر آ رہی ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی چیکنگ ٹیموں کی پکڑ دھکڑ سے تھانوں میں مزید گاڑیاں بند کرنے کے لئے جگہ کم پڑ گئی ہے۔تھانوں میں بند کی جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ میں اے سی اور نان اے سی بسیں، ویگنیں، مزدے، کوچز شامل ہیں۔سیکرٹری پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی چودھری اسد نے لاہور سے گوجرانوالہ تک گاڑیوں کی چیکنگ کی ۔انہوں نے پنجاب بھر کے آر ٹی اے سیکرٹریوں کو مراسلہ جاری کیا ہے کہ تمام آر ٹی اے سیکرٹریز ہفتے میں تین دن لازمی اوور چارجنگ چیک کیا کریں ۔پٹرول کی قیمت میں ساڑھے آٹھ روپے کمی ہونے کے بعد سے گذشتہ روز تک لاہور سے دوسرے شہروں کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ زائد کرایہ ہی وصول کر رہی ہے۔تمام گاڑیاں مسافروں سے سابق کرایہ زبردستی وصول کر رہی ہیں۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد سے شہر بھر کے بس اڈوں ، ٹرمینلز پر مسافرورں اور بس عملہ میں جھگڑے ہو رہے ہیں۔ چیکنگ ٹیم کے انسپیکٹر ایم اقبال نے بتایا کہ مزید گاڑیوں کو بند کرنے کے لئے ہمارے پاس جگہ کم پڑ گئی ہے اور اب ہم گاڑیوں کو نجی جگہوں پر بند کر رہے ہیں۔ لاہور سے دوسرے شہروں کو جانے والے مسافروں نے نوائے وقت کو بتایا کہ بسوں اور ویگنوں سمیت دیگر ٹرانسپورٹ والے مسافروں سے زائد کرائے دھڑلے سے وصول کر رہے ہیں جو مسافر زیادہ بحث کرتا ہے اسے بس سے اتار دیتے ہیں ۔
کرائے کم نہ ہو سکے