حکومت پنجاب یوم پاکستان بھرپور جوش و جذبہ سے منائے گی: رانا مشہود
لاہور (خصوصی رپورٹر) حکومت پنجاب’’ یوم پاکستان‘‘ کو بھرپور جوش و جذبے سے منائے گی۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے پوری قوم بالخصوص نئی نسل میں قرارداد لاہور کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے ’’تقریبات یوم پاکستان‘‘ کے انتظامات کے حوالے سے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے آگاہ کیا کہ ٹرسٹ کے پلیٹ فارم سے عوام کو یوم پاکستان کی اہمیت سے روشناس کرانے کیلئے ایک ہمہ جہت پروگرام مرتب کیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں قرارداد لاہور کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالنے کیلئے ایک لیکچر سیریز کا انعقاد شروع ہو چکا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس ہمایوں شیخ، سیکرٹری آرکائیوز احمد رضا سرور، ڈی جی سپورٹس عثمان انور،وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر حسن عامر شاہ‘رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر لیاقت علی، منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی سی بی احمد علی، ڈپٹی ڈائریکٹر پروگرامز الحمرا آرٹس کونسل ذوالفقار علی زلفی، ڈپٹی سیکرٹری سکولز ایجوکیشن محمد طارق قریشی، عابد شیروانی، میاں جاوید احمد، ڈین لاہور گیریژن یونیورسٹی محمد طاہر، آمنہ رفیق ، ناصر بشیر، ملک عاصم اعوان، چوہدری عدنان گجر اور دیگر نے شرکت کی۔